Friday, 13 January 2017

سر مقتل بھی صدا دی ہم نے

سرِ مقتل بھی صدا دی ہم نے
دل کی آواز سنا دی ہم نے 
پہلے اک روزنِ در توڑا تھا 
اب کے بنیاد ہلا دی ہم نے 
پھر سرِ صبح وہ قصہ چھیٹرا 
دن کی قندیل بجھا دی ہم نے 
آتشِ غم کے شرارے چن کر 
آگ زِنداں میں لگا دی ہم نے 
رہ گئے دستِ صبا کمہلا کر 
پھول کو آگ پلا دی ہم نے 
آتشِ گل ہو کہ ہو شعلۂ ساز 
جلنے والوں کو ہوا دی ہم نے 
کتنے ادوار کی گم گشتہ نوا 
سینۂ نَے میں چھپا دی ہم نے 
دمِ مہتاب فشاں سے ناصرؔ 
آج تو رات جگا دی ہم نے 

ناصر کاظمی

No comments:

Post a Comment