Friday, 7 May 2021

بنت حوا ہوں میں یہ میرا جرم ہے

 بنتِ حوا ہوں میں، یہ میرا جُرم ہے  

اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے 

میں تماشہ نہیں، اپنا اظہار ہوں 

سوچ سکتی ہوں، سو لائقِ دار ہوں  

میرا ہر حرف ہر اک صدا جرم ہے

اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے


مجھ میں احساس کیوں ہو کہ عورت ہوں میں  

زندگی کیوں لگوں بس اک ضرورت ہوں میں

یہ میری آگہی بھی میرا جرم ہے 

اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے


میرا آنچل جلے اور میں چپ رہوں

ظلم سہتی رہوں اور میں چپ رہوں 

جانتی ہوں میرا بولنا جرم ہے  

اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے


میرے جذبے رہیں دل کے زندان میں 

میری گستاخیاں آپ کی شان میں 

آپ کا ذکر بھی تو بڑا جرم ہے 

اور پھر شاعری تو کڑا جرم ہے


ثروت زہرا

No comments:

Post a Comment