Friday, 19 August 2022

روز ازل خالق نے جاری پہلا یہ فرمان کیا

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


روزِ ازل خالق نے جاری پہلا یہ فرمان کیا

اُنؐ کو بنا کر شاہِ رسولاں دو جگ کا سُلطان کیا

نوکِ قلم سے عرشِ بریں پر حق نے لکھا جب نامِ نبیؐ

کون و مکاں کی ہر عظمت کا حضرتؐ کو عنوان کیا

شانِ ابوؐالقاسم دیکھو تو ربِ جہاں نے دنیا میں

پہلے قرآں والا بھیجا،۔ پھر نازل قرآن کیا

بھیج کے ہم میں محبوب اپنا دین کے نکتے سمجھائے

لحظے لحظے میں اُمت کی بخشش کا سامان کیا

آنکھیں روئیں ہجرِ نبیؐ میں اشکوں کی برسات ہوئی

عشق نے لمحہ لمحہ دل میں پیدا اک ہیجان کیا

اُن کا وسیلہ رب کی رحمت کا حیلہ بن جاتا ہے

نوحؑ کی نیّا پار لگائی ، مشکل کو آسان کیا

ظلم و ستم کا دور گیا ، تفریق و تکبر ختم ہوئے

عدل و مساوات اور اُخوت کو جزو ایمان کیا

لَا تَثرِیبَ عَلَیکُم کہہ کر بخش دیا ہر مجرم کو

فتحِ مکہ کے دن اپنی رحمت کا خاص اعلان کیا

دین اُس کا ، دنیا بھی اُس کی ، ہر شے اُس کی مُٹھی میں

جس نے اُنؐ کے نام پر اپنا تن من دھن قربان کیا

جالی چُومی، عرض گزاری، اشک بہائے، نعت پڑھی

ہم نے مدینے جا کر دل کا پورا ہر ایک ارمان کیا

غم کے بھنور سے پار لگایا شاہؐ عرب نے کشتی کو

ہر منجدھار کا ریلا روکا، ختم ہر اک طوفان کیا

عجز و ادب سے انُ کا نامِ پاک لیے جانے کے لیے 

نام ہماری بستی کا قدرت نے، پاکستان کیا

صدقے جاؤں نصیر اُس آقاؐ اُس مولاؐ کی رحمت پر

راہ دکھا کر اُس دَر کی مجھ نِردھن پر احسان کیا


سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment