Thursday, 25 June 2026

ڈر مجھے بھی لگتا ہے کم نظر زمانے سے

 ڈر مجھے بھی لگتا ہے کم نظر زمانے سے

کیا کروں نہ مانے جب دل مِرا منانے سے

جل اُٹھا تھا پل بھر کو آپ کی عنایت سے

بُجھ گیا چراغِ دل آپ کے بُجھانے سے

وہ تو لا اُبالی ہے کیا اسے خبر ہو گی

ہم پہ کیا گزرتی ہے حالِ دل چُھپانے سے

برہمی میں چہرے کو کیوں بگاڑ رکھا ہے

یہ حسین لگتا ہے صرف مُسکرانے سے

بام و در مِرے گھر کے مُنتظر ہیں اس دن کے

جب تمہیں ملے فُرصت محفلوں میں جانے سے

ہم وفا کے متوالے جان کو نہیں ڈرتے

باز اب تو آ جاؤ ہم کو آزمانے سے

درس جاں نثاری کا تُو ہمیں نہ دے تشنہ

کیا ملا تجھے اب تک زندگی لُٹانے سے


تشنہ اعظمی

No comments:

Post a Comment