Thursday, 25 June 2026

میری ہر نظر تنہا سونی رہگزر تنہا

 میری ہر نظر تنہا، سُونی رہگزر تنہا

زندگی کے صحرا میں کر رہی سفر تنہا

دُھوپ ہے نہ بادل ہے، چھاؤں ہے نہ آنچل ہے

بھیگتی رہی یوں ہی میری چشمِ تر تنہا

آپ کو مبارک ہو محفلیں بہاروں کی

میرا کیا، اگر میری ہو گئی سحر تنہا

زندگی کے میلے میں کس کو ہے خبر اس کی

پھر رہا ہے کیوں کوئی، دیکھو در بہ در تنہا

بے وفا زمانے سے حرفِ التجا کیا ہو

ہو سکے تو کر لینا زندگی بسر تنہا

رُوپ وہ لُٹاتا ہے، چاندنی اسی کی ہے

پھر بھی شب کے دامن میں کس قدر قمر تنہا


شبانہ عشرت

No comments:

Post a Comment