Wednesday, 20 April 2016

جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں
کہاں گئی وہ نیند کی شراب ڈھونڈتا ہوں میں
مجھے نمک کی کان میں مٹھاس کی تلاش ہے
برہنگی کے شہر میں لباس کی تلاش ہے

وہ برف باریاں ہوئیں کہ پیاس خود ہی بجھ گئی
میں ساغروں کو کیا کروں کہ پیاس کی تلاش ہے
گھِرا ہوا ہے ابر،۔ ماہتاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

جو رُک سکے تو روک دو یہ سیل رنگ و نور کا
میری نظر کو چاہیے وہی چراغ طور کا
کھٹک رہی ہے ہر کرن نظر میں خار کی طرح
چھپا دیا ہے تابشوں نے آئینہ شعور کا
نگاہِ شوق جل اٹھی حجاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

یہ دھوپ زرد زرد سی، یہ چاندنی دھواں دھواں
یہ طلعتیں بجھی بجھی، یہ داغ داغ کہکہشاں
یہ سرخ سرخ پھول ہیں کہ زخم ہیں بہار کے
یہ اوس کی پھوار ہے کہ رو رہا ہے آسماں
دل و نظر کے موتیوں کی آب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

جو مرحلوں میں ساتھ تھے وہ منزلوں پہ چھٹ گئے
جو رات میں لُٹے نہ تھے، وہ دوپہر میں لُٹ گئے
مگن تھا میں کہ پیار کے بہت سے گیت گاﺅں گا
زبان گنگ ہو گئی، گلے میں گیت گھُٹ گئے
کٹی ہوئی ہے اُنگلیاں، رُباب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

یہ کتنے پھول ٹوٹ کے بکھر گئے یہ کیا ہوا
یہ کتنے پھول شاخچوں پہ مر گئے یہ کیا ہوا
بڑھی جو تیز روشنی کہ چمک اٹھی روِش روِش
مگر لہو کے داغ بھی اُبھر گئے یہ کیا ہوا
انہیں چھپاؤں کس طرح، نقاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

نہ عشق با ادب رہا، نہ حسن میں حیا رہی
ہوس کی دھوم دھام ہے، نگر نگر گلی گلی
قدم قدم کھُلے ہوئے ہیں مکر و فن کے مدرسے
مگر یہ میری سادگی تو دیکھیے کہ آج بھی
وفا کی درسگاہوں کا نصاب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

بہت دنوں میں راستہ حریمِ ناز کا ملا
مگر حریمِ ناز تک پہنچ گئے تو کیا ملا
مِرے سفر کے ساتھیو! تمہی سے پوچھتا ہوں میں
بتاؤ کیا صنم ملے،۔ بتاؤ کیا خدا ملا
جواب چاہئے مجھے، جواب ڈھونڈتا ہوں میں
جنہیں سحر نِگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں

عامر عثمانی

No comments:

Post a Comment