Sunday, 12 December 2021

نہ ہو کیوں کر افضل ہمارا محمد

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


نہ ہو کیوں کر افضل ہمارا محمدﷺ

کہ ہے اپنے پیارے کا پیارا محمدﷺ

الہی یہ محشر میں ہم کہتے جائیں

کہاں ہے کہاں ہے ہمارا محمدﷺ

وہیں کشتیِ نوح بھی ڈوب جاتی

نہ دیتے جو اس کو سہارا محمدﷺ

ابھی فرش سے عرش مل جائے جھک کر

کریں گر طلب کا اشارا محمدﷺ

یہی بات عاشق نے معشوق سے کی

نہیں تیری فرقت گوارا محمدﷺ

کہیں گے یہی اس شہِ انبیا سے

وہاں ہوں گے جب آشکارا محمدﷺ

شفیعِ امم روزِ محشر تمہیں ہو

ہمیں ہے تمھارا سہارا محمدﷺ

صدا خیر مقدم کی کعبے سے آئی

حرم سے جب آئے دوبارا محمدﷺ

بلا لو مدینے میں پھر داغ کو تم

نہیں ہند میں اب گزارا محمدﷺ


داغ دہلوی

No comments:

Post a Comment