Wednesday, 14 September 2022

ترے دامن کرم میں جسے نیند آ گئی ہے

 عارفانہ کلام نعتیہ کلام


تِرےﷺ دامنِ کرم میں جسے نیند آ گئی ہے

جو فنا نہ ہو گی ایسی اسے زندگی ملی ہے

مجھے کیا پڑی کسی سے کروں عرضِ مدعا میں

مِری لَو تو بس انہیں کے درِ جود سے لگی ہے

وہ جہان بھر کے داتا مجھے پھیر دیں گے خالی

مِری توبہ اے خدا! یہ مِرے نفس کی بدی ہے

جو پئے سوال آئے مجھے دیکھ کر یہ بولے

اسے چین سے سلاؤ، کہ یہ بندۂ نبیﷺ ہے

میں مروں تو میرے مولیٰ یہ ملائکہ سے کہہ دیں

کوئی اس کو مت جگانا ابھی آنکھ لگ گئی ہے

میں گناہگار ہوں اور بڑے مرتبوں کی خواہش

تو مگر کریم ہے، خُو تِری بندہ پروری ہے

تِری یاد تھپکی دےکر مجھے اب شہاؐ سلا دے

مجھے جاگتے ہوئے یوں بڑی دیر ہو گئی ہے

اے نسیم کوئے جاناں ذرا سوئے بد نصیباں

چلی آ کھلی ہے تجھ پہ جو ہماری بیکسی ہے

تِرا دل شکستہ اختر! اسی انتظار میں ہے

کہ ابھی نویدِ وصلت تِرے در سے آ رہی ہے


اختر رضا قادری بریلوی

No comments:

Post a Comment