Friday, 19 July 2024

سن لو خدا کے واسطے اپنے گدا کی عرض

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


سن لو خدا کے واسطے اپنے گدا کی عرض

یہ عرض ہے حضور بڑے بے نوا کی عرض

اُن کے گدا کے در پہ ہے یوں بادشاہ کی عرض

جیسے ہو بادشاہ کے در پہ گدا کی عرض

عاجز نوازیوں پہ کرم ہے تُلا ہوا

وہ دل لگا کے سنتے ہیں ہر بے نوا کی عرض

قربان اُن کے نام کے بے اُن کے نام کے

مقبول ہو نہ خاصِ جنابِ خدا کی عرض

غم کی گھٹائیں چھائی ہیں مجھ تیرہ بخت پر

اے مہر سن لے ذرّۂ بے دست و پا کی عرض

اے بے کسوں کے حامی و یاور سوا تِرے

کس کو غرض ہے کون سنے مبتلا کی عرض

اے کیمیائے دل میں تِرے در کی خاک ہوں

خاکِ در حضورؐ سے ہے کیمیا کی عرض

اُلجھن سے دُور نور سے معمور کر مجھے

اے زُلفِ پاک ہے یہ اَسیرِ بلا کی عرض

دُکھ میں رہے کوئی یہ گوارا نہیں اُنہیں

مقبول کیوں نہ ہو دلِ درد آشنا کی عرض

کیوں طول دوں حضور یہ دیں یہ عطا کریں

خود جانتے ہیں آپ مِرے مدعا کی عرض

دامن بھریں گے دولتِ فضلِ خدا سے ہم

خالی کبھی گئی ہے حسن مصطفیٰؐ کی عرض


حسن رضا بریلوی

No comments:

Post a Comment