Saturday, 11 June 2016

نہ بے وفائی کا ڈر تھا نہ غم جدائی کا

نہ بے وفائی کا ڈر تھا نہ غم جدائی کا
مزا میں کیا کہوں آغازِ آشنائی کا
کہاں نہیں ہے تماشا تِری خدائی کا
مگر جو دیکھنے دے رعب کبریائی کا
وہ ناتواں ہوں اگر نبض کو ہوئی جنبش
تو صاف جوڑ جدا ہو گیا کلائی کا
شبِ وصال بہت کم ہے آسماں سے کہو
کہ جوڑ دے کوئی ٹکڑا شبِ جدائی کا
یہ جوشِ حسن سے تنگ آئی ہے قبا ان کی
کہ بند بند ہے خواہاں گِرہ کشائی کا
کمان ہاتھ سے رکھ صید گاہِ عرفاں میں
کہ تیرِ صید ہے یاں دامِ نارسائی کا
وہ بد نصیب ہوں یار آئے میرے گھر تو بنے
سمٹ کے وصل کی شب تل رخِ جدائی کا
ہزاروں کافر و مومن پڑے ہیں سجدے میں
بتوں کے گھر میں بھی سامان ہے خدائی کا
تمام ہو گئے ہم پہلے ہی نگاہ میں حیف
نہ رات وصل کی دیکھی نہ دن جدائی کا
نہیں ہے مہر لفافہ پہ خط کے اے قاصد
یہ داغ ہے مِری قسمت کی نارسائی کا
نقاب ڈال کے اے آفتابِ حشر نکل
خدا سے ڈر یہ کہیں دن ہے خود نمائی کا
نہیں قرار گھڑی بھر کسی کے پہلو میں
یہ ذوق ہے تِرے ناوک کو دلربائی کا
مِری طرف سے کوئی جا کے کوہکن سے کہے
نہیں نہیں یہ محل زور آزمائی کا
کہا جو میں نے کہ میں خاک راہ ہوں تیرا
تو بولے ہے ابھی پندار خود نمائی کا
جنوں جو میری طرف ہو وہ جست و خیز کروں
کہ دل ہو ٹوٹ کے ٹکڑے شکستہ پائی کا
امیر روئیے اپنے نصیب کو ایسا
کہ ہو سپید سیہ ابر نارسائی کا

امیر مینائی

No comments:

Post a Comment