Tuesday, 2 March 2021

سادہ کاغذ پہ کوئی نام کبھی لکھ لینا

 سادہ کاغذ پہ کوئی نام کبھی لکھ لینا

ہو سکے ملنے کی اک شام کبھی لکھ لینا

یوں تو ہم اہلِ جنوں کچھ بھی نہیں کرتے ہیں 

گمراہی کا ہی سہی کام کبھی لکھ لینا

میگساروں پہ تڑپنے کی بھی پابندی ہے 

تشنہ کاموں کے لیے جام کبھی لکھ لینا

کتنی روشن ہیں سمندر کی چمکتی راتیں 

ڈوبتی لہروں کا انجام کبھی لکھ لینا

بھوت خوابوں میں فرشتے سے نظر آتے ہیں 

ذہن میں اپنے یہ اوہام کبھی لکھ لینا

توڑ کے کتنی چٹانوں کو نکل آئے ہیں

سارے جذبے ہیں مگر خام کبھی لکھ لینا

بِک رہا ہے سرِ بازار ہر اک دانشور 

ہم سے آوارہ کے کچھ دام کبھی لکھ لینا

جرم کوئی نہیں باقر کو رہا مت کرنا 

کچھ نہ کچھ ڈھونڈ کے الزام کبھی لکھ لینا


باقر مہدی

No comments:

Post a Comment