جہاں فرشتوں کو حیران دیکھا جاتا ہے
وہاں سے آگے بھی ایمان دیکھا جاتا ہے
زیادہ تر اسے گھُورے بغیر ملتے ہیں
کہیں کہیں کوئی حیوان دیکھا جاتا ہے
میں ایک ایسے بھی کافر کو جانتا ہوں یہاں
کہ جس میں اچھا مسلمان دیکھا جاتا ہے
کروڑوں سال کا نوری سفر بھی کر لیں گے
تو یہ بتا، وہاں انسان دیکھا جاتا ہے؟
وہ خوف ہوتا ہے تہوار کے دنوں میں یہاں
کبھی کبھار تو قرآن دیکھا جاتا ہے
تُو شکر کر کہ میں اس کی زبان بولتا ہوں
وگرنہ، اس کا تو فرمان دیکھا جاتا ہے
نجانے کون یہاں مرنے والا ہے مژدم
کہ روز خواب میں مہمان دیکھا جاتا ہے
مژدم خان
No comments:
Post a Comment