Monday, 22 March 2021

پتہ رقیب کا دے جام جم تو کیا ہو گا

 پتہ رقیب کا دے جامِ جَم تو کیا ہو گا

وہ پھر اٹھائیں گے جھوٹی قسم تو کیا ہو گا

ادا سمجھتا رہوں گا تِرے تغافُل کو

طویل ہو گئی شامِ الم تو کیا ہو گا

جفا کی دھوپ میں گزری ہے زندگی ساری

وفا کے نام پہ جھیلیں گے غم تو کیا ہو گا

ابھی تو چرخِ ستم ہم پہ ڈھائے جاتا ہے

زمیں نہ ہو گی جو زیرِ قدم تو کیا ہو گا

میں ڈر رہا ہوں کہ زاہد کی خشک باتوں سے

سراب بن گیا باغِ ارم تو کیا ہو گا

خود اپنی موجِ نفس سے یہ زاہدانِ کام

بجھا رہے ہیں چراغِ حرم تو کیا ہو گا


ریاض الدین عطش

No comments:

Post a Comment