Thursday, 2 December 2021

غلاموں پر محمد کی عنایت ہوتی رہتی ہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


غلاموں پر محمدﷺ کی عنایت ہوتی رہتی ہے

کرم فرماتے رہتے ہیں، زیارت ہوتی رہتی ہے

عبادت ہے تلاوت مصحفِ روئے مبارک کی

تلاوت کرتے رہتے ہیں عبادت ہوتی رہتی ہے

مجھے تسلیم اے واعظ بُرا ہوں میں بہت، لیکن

بُروں پر بھی مِرے آقاؐ کی رحمت ہوتی رہتی ہے

بدستِ خواجہ و داتا،۔ بدستِ شاہِ لاثانی

نبیؐ کے نام پر ہر دم سخاوت ہوتی رہتی ہے

حبیبِؐ کبریا کے سبز گنبد کے حسین جلوے

نگاہیں تکتی رہتی ہیں، عبادت ہوتی رہتی ہے

عمل سے ہیں تہی داماں مگر ہیں اس پہ ہم نازاں

مِرے آقاؐ کی ہر عاصی پہ رحمت ہوتی رہتی ہے

نبیﷺ کا نام لینے میں حلاوت ہی حلاوت ہے

مِرے ہونٹوں کو حاصل یہ حلاوت ہوتی رہتی ہے

حضوری کا شرف مجھ کو بھی حاصل ہوتا رہتا ہے

مِرے لج پال آقاﷺ کی عنایت ہوتی رہتی ہے

سعادت ہی سعادت ہے نبیﷺ کا ذکر کرنے میں

مجھے ہر آن یہ حاصل سعادت ہوتی رہتی ہے

نیازی کوئی اندازہ کرے کیا انﷺ کی رحمت کا

گنہ گار آتے رہتے ہیں شفاعت ہوتی رہتی ہے​


عبدالستار نیازی​

No comments:

Post a Comment