Saturday 15 June 2024

رات آنکھوں میں بسر ہو تو غزل ہوتی ہے

 رات آنکھوں میں بسر ہو تو غزل ہوتی ہے

تیری یادوں میں سحر ہو تو غزل ہوتی ہے

جذبِ دل، ذوقِ نظر ہو تو غزل ہوتی ہے

ہر قدم محوِ سفر ہو تو غزل ہوتی ہے

کچھ نہیں ہے تو یہی خونِ تمنا ہی سہی

جب قلم خون میں تر ہو تو غزل ہوتی ہے

حُسنِ مہ اور ستاروں کی چمک سے بھی گُزر

پُھول بھی زخمِ نظر ہو تو غزل ہوتی ہے

آج تک اہلِ ہوس پر نہ کھلا رازِ نہاں

کہ تِری ایک نظر ہو تو غزل ہوتی ہے

لفظ ہوں برق فشاں، اور قلم شعلہ فگن

پھر جنوں سنگ بہ سر ہو تو غزل ہوتی ہے

لوگ تو سہل سمجھتے ہیں مگر اہلِ سخن

خونِ دل خونِ جگر ہو تو غزل ہوتی ہے

آج توقیر حقیقت سے اٹھا دے پردہ

نالۂ دِل میں اثر ہو تو غزل ہوتی ہے


توقیر علی زئی

No comments:

Post a Comment