Thursday, 14 January 2016

میں بزم تصور میں اسے لائے ہوئے تھا

میں بزمِ تصور میں اسے لائے ہوئے تھا
جو ساتھ نہ آنے کی قسم کھائے ہوئے تھا
دل جرمِ محبت سے کبھی رہ نہ سکا باز
حالانکہ بہت بار سزا پائے ہوئے تھا
ہم چاہتے تھے، کوئی سنے بات ہماری
یہ شوق ہمیں گھر سے نکلوائے ہوئے تھا
ہونے نہ دیا خود پہ مسلط اسے میں نے
جس شخص کو جی جان سے اپنائے ہوئے تھا
بیٹھے تھے شعورؔ آج مِرے پاس وہ گم صم
میں کھوئے ہوئے تھا نہ انہیں پائے ہوئے تھا

انور شعور​

No comments:

Post a Comment