Friday, 4 December 2020

تم کتنے بھٹو مارو گے

 تم کتنے بھٹو مارو گے


تم ڈاکو چور لٹیرے بھی نگرانی کرنے آئے ہو

تم خلق خدا کے ٹھکرائے سلطانی کرنے آئے ہو

تم بھوکے ننگوں کے خوں کی ارزانی کرنے آئے ہو

تم ٹینکوں توپوں کے بل پر من مانی کرنے آئے ہو

تم آمر کے پروردہ ہو، جمہور کے معنی کیا جانو؟

تم قاتل ہو دستوروں کے، دستور کے معنی کیا جانو؟

تم فتویٰ گر ہو شاہوں کے، منصور کے معنی کیا جانو؟

تم تاریکی کے پالے ہو، تم نور کے معنی کیا جانو؟

ہم بھٹو کے دیوانے ہیں، یہ جان امانت بھٹو کی

بی بی پہ کرنے آئے ہیں، قربان امانت بھٹو کی

ہم آن پہ مرنے والے ہیں، یہ آن امانت بھٹو کی

جس شان سے مقتل میں آئے، وہ شان امانت بھٹو کی

کیوں اتنا بوجھ اٹھاتے ہو، کل کیسے قرض اتارو گے

تم اپنی جاں بخشی کے لیے پھر ہم سے عرض گزارو گے

یہ بازی جان کی بازی ہے اور تم یہ بازی ہارو گے

ہر گھر سے بھٹو نکلے گا؛ تم کتنے بھٹو مارو گے؟


نصیر کوی

No comments:

Post a Comment