Thursday, 11 March 2021

حق بات ہی کہیں گے سر دار دیکھنا

حق بات ہی کہیں گے سرِ دار دیکھنا

اہلِ قلم کی جرأت اظہار دیکھنا

دیکھیں جنہیں ہیں دَیر کے دیوار و در عزیز

ہم کو تو صرف سُوئے درِ یار دیکھنا

کرتا رہا قلم یوں ہی شاخیں جو باغباں

ناپید ہو گا سایۂ اشجار دیکھنا

سرکار آپ پر جو چھڑکتے ہیں جان آج

بچ کر چلیں گے کل یہ نمکخوار دیکھنا

بنیاد جس کی ہے ہوسِ اقتدار پر

ہونے کو ہے وہ قلعہ بھی مسمار دیکھنا

ڈالا جو تم نے ہاتھ کلاہِ عوام پر

لگ جائیں گے سروں کے بھی انبار دیکھنا


راغب مرادآبادی

No comments:

Post a Comment