Wednesday, 2 February 2022

کیا ضروری ہے دل کا ہونا بھی

 کیا ضروری ہے دل کا ہونا بھی


ایسے دل ڈولتا ہے پنجرے میں

جیسے نوکِ سناں پہ دھڑکن ہو

آخری شب ہو جیسے زنداں میں

سانس سینے میں یوں اٹکتی ہے

جیسے شہ رگ میں ریت بھر جائے

درد رگ رگ کو چیرتا جائے

روح بے تاب ہو نکلنے کو

خارزاروں میں یوں الجھ جائے

جیسے اک آہنی قفس کے ساتھ

کوئی نخچیر سر کو ٹکرائے

واپسی کی نہیں کوئی صورت

اب نہیں کوئی راہ جینے کو

ہے عجب لطف اشک پینے میں

کچھ نہیں کچھ نہیں ہے جینے میں

روگ سارے ہیں دل کے ہونے سے

کیا ضروری ہے روگ رونا بھی

کیا ضروری ہے دل کا ہونا بھی


ناز بٹ

No comments:

Post a Comment