Friday, 7 October 2022

زمین پر اکیلا رہنا شیطانی عمل ہے

 تنہائی


اکیلے رہنے سے سرہانے پر سانپ بیٹھ جاتا ہے

دوستیاں ختم ہو جاتی ہیں

اور خلا سات نسلوں کے سینے میں

کسی گونگی ماں کے توسط سے

پھیلتا اور رنگ نچوڑ لیتا ہے

حاملہ عورت، پیلی عورت

گونگی عورت اپنی تنہائی کو آواز کیا دے؟

اپنے ہونے والے خلا کو زبان کیا دے؟

اکیلا رہنا اچھا ہے

مگر شیطان بھی اکیلا ہے

جسے کوئی بھی اعوذ باللہ پڑھ کر بھگا دے

اس کی گردن پر بھی سانپ ہو گا

اسے بھی خلا پُر کرنے کے لیے

زمین کے سو سو چکر لگانے پڑیں گے

کبھی کسی کے خدا میں

کبھی کسی کی دعا میں

اب مردود خلا میں واپس نہیں جا سکتا

زمین پر اکیلا رہنا

شیطانی عمل ہے


نمرہ وارث

No comments:

Post a Comment