عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
رسولِ مجتبیٰﷺ کہیے، محمدؐ مصطفٰیﷺ کہیے
خدا کے بعد بس وہ ہیں، پھر اس کے بعد کیا کہیے
شریعت کا ہے یہ اصرار؛ ختم الانبیاء کہیے
محبت کا تقاضا ہے کہ محبوبِ خداﷺ کہیے
جب انؐ کا ذکر ہو دنیا سراپا گوش ہو جائے
جب انؐ کا نام آئے مرحبا صلِ علیٰ کہیے
مِرے سرکارﷺ کے نقشِ قدم شمعِ ہدایت ہیں
یہ وہ منزل ہے جس کو مغفرت کا راستہ کہیے
محمدﷺ کی نبوت دائرہ ہے نورِ وحدت کا
اسی کو ابتداء کہیے، اسی کو انتہاء کہیے
غبارِ راہِ طیبہ سرمۂ چشمِ بصیرت ہے
یہی وہ خاک ہے جس خاک کو خاکِ شفا کہیے
مدینہ یاد آتا ہے تو پھر آنسو نہیں رکتے
مِری آنکھوں کو ماہر، چشمۂ آبِ بقا کہیے
ماہر القادری
No comments:
Post a Comment