Friday, 9 June 2023

نوید رحمت یزداں محمد ہیں محمد ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


نویدِ رحمتِ یزداں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

کلیدِ مخزنِ عرفاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

ہمارا دل ہماری جاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں 

ہمارا دین اور ایماں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

وما ینطق کی آیت کر رہی ہے صاف یہ اعلاں

مکمل بولتا قرآں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

دو عالم میں خدائے لم یزل کے بعد رتبہ میں

عظیم القدر، والا شاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

حقیقت ہو گئی یہ آشکارا سب پہ قرآں سے

کہ ہر تو صیف کے شایاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

زمیں سے آسماں تک بج رہی ہے ان کی شہنائی

محیطِ عالمِ امکاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

ہمارے درد کا درماں کسی سے ہو نہیں سکتا

ہمارے درد کا درماں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

مسلسل زلزلے آئیں، کہ پیہم حادثے آئیں

اگر برپا ہوں سو طوفاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

کوئی پوچھے نہ پوچھے حال کوئی غم نہیں اس کا

ہمارے حال کے پُرساں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

خطا اوسان تھے سب کے قیامت میں کہ اتنے میں

کسی نے کر دیا اعلاں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں

خدا شاہد نہیں محمود! میرا مدعا کوئی 

مِری حسرت مرا ارماں محمدﷺ ہیں محمدﷺ ہیں


سید ابوالفضل محمود قادری

No comments:

Post a Comment