Tuesday, 16 July 2024

پیاس کتنی ہی بڑھے قلب کی دنیا کی طرف

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


پیاس کتنی ہی بڑھے قلب کی دنیا کی طرف

پھر بھی شبیرؑ نہ دیکھے کبھی دریا کی طرف

جس کے قدموں کے تلے کھیل رہی ہو جنت

رخ بھلا کیا وہ کرے رونقِ دنیا کی طرف

اس کو فردوس کی دیتے ہیں بشارت سرکارؐ

کربلا ہو کے جو جائے شہِ بطحاؐ کی طرف

یہ تو شبّیرؑ کی تھی دشت نوازی، ورنہ

لوگ تو بھُول کے جاتے نہیں صحرا کی طرف

لاکھ جانیں ہوں فدا تیری وفا پر عباسؑ

دَم بھی نکلا تو نگاہیں رہیں آقاؑ کی طرف

اس لیے کروٹیں لیتے تھے مسلسل عباسؑ

کہیں ہو جائے نہ رُخ بالی سکینہؑ کی طرف

نزع کے وقت کوئی دیکھتا اکبرؑ کی نظر

کبھی خیموں کی طرف تھی کبھی بابا کی طرف

تھا جو ہمشیر کو بھائی کی وصیّت کا خیال

دیکھتی جاتی تھیں مڑ مڑ کے سکینہؑ کی طرف


وحیدالحسن ہاشمی

No comments:

Post a Comment