Friday, 13 November 2015

قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

بے گناہ کا خون ہے اپنا رنگ لائے گا
ایک دن ضرور یہ کوئی گُل کھلائے گا
بانیانِ ظلم کو خاک میں ملائے گا
قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

ناصر و ظہیر کا مولوی فقیر کا
سانگھڑ کبیر کا جنگِ کاشمیر کا
حاکمِ شریر کا شیر علی وزیر کا
ایک ایک زخم کا ایک ایک تیر کا 
قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

قوم کے عتاب سے بچ کے جاؤ گے کہاں
حشرِ احتساب سے بچ کے جاؤ گے کہاں
قاتلو حساب سے بچ کے جاؤ گے کہاں 
خونی انقلاب سے بچ کے جاؤ گے کہاں 
قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

راستوں کے پیچ و خم کوئی دن کی بات ہے 
کھُل رہے گا یہ بھرم کوئی دن کی بات ہے 
یہ جفائیں یہ ستم کوئی دن کی بات ہے
فیصلہ کریں گے ہم کوئی دن کی بات ہے
قاتلو حساب دو خون کا جواب دو

فارغ بخاری

No comments:

Post a Comment