Wednesday, 16 June 2021

ہر ایک شخص یہاں مبتلائے حیرت ہے

 ہر ایک شخص یہاں مبتلائے حیرت ہے

جو آگہی میں ہے وہ ماورائے حیرت ہے

سُنا ہے آج بھی وہ مجھ کو یاد کرتا ہے

پر اس خبر میں خوشی کے بجائے حیرت ہے

مِرے سکھائے بھی شامل ہیں نقطہ چینوں میں

کہ بڑھ گئے ہیں مِرے قد سے سائے حیرت ہے

ہمیں تُو اتنی مسافت کے بعد بھی نہ ملا

کسی کو مل گیا بیٹھے بٹھائے، حیرت ہے

حواس باختہ ہوں سن کے میں تِری باتیں

رکھے ہے تُو بھی محبت پہ رائے حیرت ہے

جہاں سے گزرے وہ ہر چیز ٹھیر جاتی ہے

فقط وہ لڑکی نہیں اک سرائے حیرت ہے

یہاں تو کوئی بصیرت زدہ نہیں ملنا

چہار سمت عجب سی وبائے حیرت ہے

میں ان تمام مناظر کا ہوں بہت ممنون

کہ جن کے حُسن کے صدقے بقائے حیرت ہے


حارث جمیل

No comments:

Post a Comment