Wednesday, 17 November 2021

یہ کیا ہوا تمہیں لفظوں سے مات کھانے لگے

 یہ کیا ہوا تمہیں لفظوں سے مات کھانے لگے

سوال ہم نے کیا، اور نظر جھکانے لگے

سفر میں حوصلہ درکار ہے ہر اک صورت

یہ کیا کہ چار قدم پر ہی ڈگمگانے لگے

ابھی تو گھر مِرا پوری طرح جلا بھی نہیں

جو ہاتھ سینک رہے تھے وہ اٹھ کے جانے لگے

جب ان سے فاصلہ ہم نے بڑھایا تو یہ ہوا

وہ دور ہوتے ہوئے بھی قریب آنے لگے

ابھی تو ان سے شناسائی بھی نہیں میری

ابھی سے لوگ ادھر کی ادھر اڑانے لگے


ترونا مشرا

No comments:

Post a Comment