Saturday, 9 April 2022

ہمارے سینے میں جو خلا تھا

 ہمارے سینے میں جو خلا تھا

وہ سانس لینے سے بڑھ رہا تھا

زمیں مسلسل سرک رہی تھی

میں خود کو تھامے ہوئے کھڑا تھا

میں تیرے چُھونے سے ڈر رہا ہوں

میں تیرے ہاتھوں سے گر گیا تھا

ہمارے بازو کُھلے ہوئے تھے

کوئی صلیبیں سمجھ رہا تھا

مکان خالی پڑے تھے سارے

یہ شہر آفت میں مُبتلا تھا

درخت شکلیں بدل رہے تھے

عجیب موسم کا سامنا تھا

تو میں نے چاہا نظر بھی آؤں

میں اپنے پیچھے چُھپا ہوا تھا

یہ دنیا چکھنے کے بعد رکھ دی

پُرانی گندم کا ذائقہ تھا

چُھپا لیا تھا عصا کو اپنے

میں پھینک دیتا تو اژدھا تھا

وہ ہونٹ دریا سے جا ملے تھے

وہ رنگ پانی میں گُھل رہا تھا

ہوا نے چُپکے سے ایک نغمہ

ہماری گٹھڑی میں رکھ دیا تھا


فیصل ہاشمی

No comments:

Post a Comment