Thursday, 27 August 2020

ذہن زندہ ہے مگر اپنے سوالات کے ساتھ

ذہن زندہ ہے مگر اپنے سوالات کے ساتھ
کتنے الجھاؤ ہیں زنجیرِ روایات کے ساتھ
کون دیکھے گا یہاں دن کے اجالوں کا ستم
یہ ستارے تو چلے جائینگے سب رات کے ساتھ
جانے کس موڑ پہ منزل کا پتہ بھول گئے؟؟
ہم کہ چلتے ہی رہے گردشِ حالات کے ساتھ
وقت کرتا ہے بھلا کس سے یہاں حسنِ سلوک
وہ بھی اس دور میں، قانونِ مکافات کے ساتھ
وہ تو 🗡خنجر تھا گلے جس نے لگایا ہم کو
ورنہ پیش آتا ہے اب کون مدارات کے ساتھ
حادثے ہیں تو انہیں پیش بھی آنا ہے ضرور
وہ بھی اس شوخ سے تقریبِ ملاقات کے ساتھ
کون سنتا ہے یہاں دل💞 کی کہانی تنویر؟
وہ بھی خوشبوؤں کے موہوم اشارات کے ساتھ

تنویر احمد علوی

No comments:

Post a Comment