Wednesday, 16 December 2020

نم ترسیل کے سوتوں کو چھپائے رکھا

 نمِ ترسیل کے سوتوں کو چھپائے رکھا

مجھ سماعت نے صداؤں کو چھپائے رکھا

پیڑ جلتے رہے، آوارہ رہی گردِ ملال

دھوپ نے ابر کی چھاؤں کو چھپائے رکھا

طاق تھا، خواب تھا، تنہائی تھی، تاریکی تھی

رات نے صرف چراغوں کو چھپائے رکھا

عشق میں ہم نے تمناؤں کی وحدت کے لیے

ایک دوجے سے مزاجوں کو چھپائے رکھا

اے چمن زاد! شفق ناز، گلِ سرو خیال

ہم نے خود میں ترے خوابوں کو چھپائے رکھا

یہ کوئی کم نہیں، روشن ہیں خد و خال ترے

میں نے چھڑتی ہوئی پوروں کو چھپائے رکھا

دھوپ اجلائے مرا چہرہ کہ میں بھی سوچوں

سائے نے کیسے خراشوں کو چھپائے رکھا


خمار میرزادہ

No comments:

Post a Comment