Saturday, 12 June 2021

آج پھر روبرو کرو گے تم

 آج پھر رو برو کرو گے تم

مجھ سے کیا گفتگو کرو گے تم

مجھ سے لو گے مِرے لہو قصاص

پھر مجھے سرخرو کرو گے تم

حیف ہو میری بد مزاجی پر

آپ اپنا لہو کرو گے تم

تم گنوا دو گے ایک دن مجھ کو

پھر مِری جستجو کرو گے تم

تم صفِ دوستاں میں ہو لیکن

پھر بھی کارِ عدو کرو گے تم

زخم پر زخم کھائے جاتے ہو

اور رفو پر رفو کرو گے تم

ہم بھی مقتل میں سر کٹائیں گے

اپنے خوں سے وضو کرو گے تم

اے مِری جان عیب ہے یہ بھی

ہم کو میں تم کو تو کرو گے تم

میں تو شاہد بھی ہوں کمال بھی ہوں

میرے حق میں غلو کرو گے تم


شاہد کمال

No comments:

Post a Comment