Saturday, 17 July 2021

بادل برسے کالے کالے بارش آئی

بادل برسے کالے کالے بارش آئی

دوڑ رہے ہیں ندی نالے بارش آئی

تالابوں میں پنکھ پکھیرو دیکھیں روپ

دھرتی اوڑھے شال دُشالے بارش آئی

پھول کھلیں گے پھل لٹکیں گے ڈالوں ڈال

جنگل جنگل جادو ڈالے بارش آئی

ٹپ ٹپ کل کل جھر جھر رم جھم ہوتی ہے

شور مچاتے ہیں پرنالے بارش آئی

کھیتوں کو سیراب کرے ہے امرت جل

پگڈنڈی کو روپ اُجالے بارش آئی

آہا آہا! کیسا اچھا موسم ہے

بھیگ رہے ہیں بچے بالے بارش آئی


حیدر بیابانی

No comments:

Post a Comment