Saturday 25 September 2021

رقص جنوں کی گرمئ تاثیر دیکھنا

 رقصِ جنوں کی گرمئ تاثیر دیکھنا

کُھلتا ہے کیسے حلقۂ زنجیر دیکھنا

گِھس گِھس کے پتھروں کو بنایا ہے آئینہ

دیکھیں وہ خواب، ہم کو ہے تعبیر دیکھنا

حربے سب ان کے ان کو ہی لوٹا دئیے گئے

حیرت سے بن گئے ہیں وہ تصویر دیکھنا

لکھ دی زبانِ زخم میں رودادِ زندگی

جسموں پہ اس کی شوخیٔ تحریر دیکھنا

اب تو وجودِ مقتل و زنداں پہ آ بنی

اب بیڑیاں نہ طوق نہ زنجیر دیکھنا

دیکھے ہیں بیٹھے بیٹھے مقدر کے تم نے کھیل

اٹھ کر ذرا کرشمۂ تدبیر دیکھنا

قصرِ حیاتِ نو کی ہے بارود پر بنا

انجم یہ پائیدارئ تعمیر دیکھنا


انجم عرفانی

No comments:

Post a Comment