عارفانہ کلام نعتیہ کلام
سجاؤ بزمِ ادب، مصطفیٰﷺ کی بات کرو
نبیﷺ کی بات کرو، مرتضیٰؑ کی بات کرو
سمجھ میں آئے گا، ہے کون شافعِ محشرﷺ
خدا کے قول سے تم مصطفیٰﷺ کی بات کرو
کوئی جو پوچھے کہ ہے کون ساقیٔ کوثر؟
نبیؐ کے قول سے تم مرتضیٰؑ کی بات کرو
سمجھنا چاہو اگر کون اہلِ بیتؑ میں ہے
بقیع میں بیٹھ کے اہلِ کسا کی بات کرو
سمجھنا چاہو اگر تم شجاعتِ حیدرؑ
اُحد میں گونجی صدا لا فتیٰ کی بات کرو
کبھی جو چاہو فضائل کا ذکرِ تام کرو
درِ نجف پہ شہہ مرتضیٰؑ کی بات کرو
نبیؐ نے کب ہے بنایا وصی کوئی پوچھے
غدیرِ خم کے مقدس سما کی بات کرو
کوئی خلوص کے معراج کا اگر پوچھے
قرآن کھول کے تم ’’ہَل اَتیٰ‘‘ کی بات کرو
مقامِ عصمتِ کُبریٰؑ کا تذکرہ جب ہو
زبان کو دے کے وضو، سیداؑ کی بات کرو
کوئی جو پوچھے مقامِ علیؑ وہاں کیا ہے؟
مقامِ حوض کے تم ساقیا کی بات کرو
کوئی جو پوچھے امامت کا مرتبہ کیا ہے
قرآن کھول کے تم ’’اِنّما‘‘ کی بات کرو
کبھی جو چاہو کرو تذکرہ شہیدوں کا
سجاؤ بزمِ عزا،۔ کربلا کی بات کرو
جو پوچھے احمدِ مختارﷺ کے غلاموں کا
نبیﷺ کے آلؑ کے اہلِ عزا کی بات کرو
جو جاؤ زینبِ کبریٰؑ کی تم زیارت کو
جوان بیٹوں کے ناز و ادا کی بات کرو
کبھی جو پہنچے زیارت پہ تم سکینہؑ کی
حرم میں جا کے چچاؑ کے وفا کی بات کرو
جو چاہتے ہو کہ رونق بڑھاؤ جنت کی
بہشت میں بھی شہِؑ کربلا کی بات کرو
سوال پوچھے نکیرین قبر میں حیدر
سرہانے ساتھ کھڑے مرتضیٰؑ کی بات کرو
جواد حیدر
No comments:
Post a Comment