Sunday, 20 March 2022

ہجر کو یار کا اوتار بنا رکھا ہے

 ہجر کو یار کا اوتار بنا رکھا ہے

اُس کی ہر یاد کو تہوار بنا رکھا ہے

میری نظروں میں نظر آتا ہے وہ آنکھوں کو

یار کا آئینہ بردار بنا رکھا ہے

اس کی یادوں کے حسیں پھول کھلا کر دل میں

دامنِ دشت کو گُلزار بنا رکھا ہے

مُجھ میں اک خوفزدہ شخص ہے ایسا جس نے

میرے ہر کام کو دشوار بنا رکھا ہے

اُس کو بتلاؤ قناعت کی دوائی کھائے

جس کو بُہتات نے بیمار بنا رکھا ہے

جب سے کم مائیگیِ لفظ کھُلی ہے مجھ پر

خامشی کو رہِ گفتار بنا رکھا ہے

بے نیازی بھی ادا اس کی ہے جس نے اپنا

اک زمانے کو طلبگار بنا رکھا ہے

اپنے پاؤں سے کُچلتے ہیں وہی سر اِن کے

جن کو جمہور نے سرکار بنا رکھا ہے

دیکھنے والے کو فنکار بنا دے، احمد

تُو نے ایسا کوئی شہکار بنا رکھا ہے؟


احمد نواز

No comments:

Post a Comment