Friday, 9 July 2021

اس کی آنکھوں پہ وار دیں آنکھیں

 اس کی آنکھوں پہ وار دیں آنکھیں

اک نظر ہی میں ہار دیں آنکھیں

دل مجھے اس نے بے قرار دیا

اور، بے اختیار دیں آنکھیں

پہلے چہرہ چھپا لیا اس نے

بعد میں اشتہار دیں آنکھیں

دل وہیں رہ گیا جہاں ہم نے

سرسری سی گزار دیں آنکھیں

خواب میرے چرا لیے اس نے

جس کو میں نے ادھار دیں آنکھیں

میں نے آنکھوں میں جھانکنا چاہا

اس نے دل میں اتار دیں آنکھیں

میں تو خاموش ہی رہا لیکن

وقتِ رخصت پکار دیں آنکھیں

تُو بھی مومن کمال کرتا ہے

تُو نے سورج سے چار دیں آنکھیں


عبدالرحمان مومن

No comments:

Post a Comment