Thursday 23 September 2021

کام ہے ان کا جفا وہ با وفا کہنے کو ہیں

 کام ہے ان کا جفا وہ با وفا کہنے کو ہیں

دیتے ہیں جو دردِ دل اہلِ شفا کہنے کو ہیں

ہم تو سمجھے تھے وہ ساحل پر اتاریں گے ہمیں

ڈال دی ناؤ بھنور میں، نا خدا کہنے کو ہیں

فاصلوں سے کم نہ ہوں گے روح کے رشتے کبھی

وہ ہمیشہ دل میں ہیں، دل سے جدا کہنے کو ہیں

منفرد ان کی محبت، منفرد ان کی وفا ہے، مگر

دوریاں رکھتے ہیں پھر بھی ہمنوا کہنے کو ہیں

ان کی اک آبرو کی جنبش بھی سخن ور ہے بہت

ہے زباں بھی ان کے منہ میں مدعا کہنے کو ہیں

دوسروں کو راستہ دکھلائیں گے وہ کس طرح

راہ گم کردہ ہیں خود اور رہنما کہنے کو ہیں

ہو گئی ہے آگہی ان سے صبیحہ اس قدر

جان لیتی ہوں میں اتنا اب وہ کیا کہنے کو ہیں


صبیحہ خان

No comments:

Post a Comment