ارتقاء
مداری نے کتے کی صحبت میں
بندر کے بچے کو رکھا ہوا ہے
اسے یہ پتہ ہے
کہ باہم تعلق بھلے دوسری جنس سے بھی
فراہم رہے تو محبت اتر آئے گی
مداری کے تھیلے میں اک معجزہ ہے
جسے وہ مقرر سمے جونہی ظاہر کرے گا
تو بندر کے بچے کو تھیلے میں موجود چاقو سے
اپنی محبت کے تازه لہو کی مہک آئے گی
وہ مداری کے سارے اشاروں پہ ناچے گا
انسان بن کے دکھائے گا
دفتر سے گھر کی طرف لوٹتا آدمی
اپنے جیسی ہی حرکات کرتے ہوئے
مسخ چہرے کو دیکھے گا تو مسکرائے گا
یہ ارتقاء ہے
مداری کو سارا پتا ہے
ذوالقرنین حسنی
No comments:
Post a Comment