Sunday, 15 January 2017

الٰہی واسطہ رحمت کا تجھ کو

دعا

الہٰی واسطہ رحمت کا تجھ کو
الہٰی واسطہ وسعت کا تجھ کو
الہٰی واسطہ عظمت کا تجھ کو
الہٰی واسطہ قوت کا تجھ کو
الہٰی واسطہ شوکت کا تجھ کو
الہٰی واسطہ عزت کا تجھ کو

خطائیں بخش دے ساری الہٰی
مصیبت سر پہ ہے بھاری الہٰی
ہر اک سینے میں دل گھبرا رہا ہے
کہ شیرازہ بکھرتا جا رہا ہے
حوادث پر حوادث آ رہے ہیں
کیے پر اپنے، ہم پچھتا رہے ہیں
وطن کی جان ہی پر بن گئی ہے
بڑی دولت تھی ہاتھوں سے لٹی ہے
مسلماں کا لہو ارزاں ہوا ہے
چمن توحید کا ویراں ہوا ہے
مسلماں کو عطا کر زورِ حیدر
صفِ دشمن کو تو زیر و زبر کر
تجھے سب اولیاء کا واسطہ ہے
شہیدِ کربلا کا واسطہ ہے
علی المرتضٰے کا واسطہ ہے
محمد مصطفےٰﷺ کا واسطہ ہے
مِرے منعم کر اب حاجت روائی
مِرے ہادی بس اب ہو رہنمائی
ہٹا دے سب کی رغبت ماسوا سے
محبت ہو تو محبوبِ خدا سے
بھروسہ غیر کا ہم سے اٹھا لے
ہمارا بن، ہمیں اپنا بنا لے
الہٰی بخش دے سب کی خطا کو
قبولیت ملے میری دعا کو

واصف علی واصف​

No comments:

Post a Comment