Saturday, 10 July 2021

درزی بھائی یہ لو کپڑا کالا کپڑا سی دو برقعہ

 طمانچہ/برقعہ 


درزی بھائی

یہ لو کپڑا، کالا کپڑا

(روشندان کے عین مخالف اندھیرے سا کالا)

اور اس کپڑے سے اک سی دو برقعہ

ماں کہتی تھی

دِھی کی عزت ہی عزت ہے

اپنے آپ کو آپ سنبھالو

وقت ہی کچھ ایسا ہے بھائی

اور بچے گا جتنا کپڑا

اس سے سی دو

اور اک برقعہ

برقعہ میری دِھی زینب کا

نہیں جی کپڑا کم نہ ہو گا

میری زینب، چار برس کی ننھی گڑیا

میں بھی ماں ہوں

خبریں سنتے ہو گے تم بھی؟

چار برس کی بچی کا بھی برقعہ سی دو

پھر میں سوچوں

چار برس کی بچی کی جو عزت تار و تار ہوئی تو

برقعے سے کیا عزت کی رکھوالی ہو گی؟

میری خام خیالی ہو گی

پھر بھی میری ماں کہتی تھی

دِھی کی عزت ہی عزت ہے

اپنے آپ کو آپ سنبھالو

وقت ہی کچھ ایسا ہے بھائی


صباحت عروج

No comments:

Post a Comment