Saturday, 1 April 2023

یہ تخت و تاج یہ مال و منال کیا کرنا

یہ تخت و تاج یہ مال و منال کیا کرنا 

جو تُو نہيں ہے تو اِن کا خیال کیا کرنا 

وہ جس کو دفن کیا آپ اپنے ہاتھوں سے 

اب اس کا سوگ منانا، ملال کیا کرنا 

بچھڑ رہا ہوں تعلق بحال رکھنے کو 

کسی کے ساتھ جھگڑنا سوال کیا کرنا

شکستگانِ محبت کو کال کیا کرنی 

جو ربط ٹوٹ چکا وہ بحال کیا کرنا

یہاں تو پہلے ہی لاشیں دکھائی دیتی ہیں 

اب ایسے شہر میں قتل و قتال کیا کرنا 

یہ اہلِ عشق و ہوس آپ کو مبارک ہوں 

حضور میں نے یہ متروک مال کیا کرنا 

ہجومِ دل زدگاں ہو تو بات بنتی ہے 

اکیلے بیٹھ کے ذکرِ غزال کیا کرنا

تِرے وصال سے لذت اگر اٹھائی نہيں 

تِرے فراق میں آنکھوں کو لال کیا کرنا

جو شخص آپ ہی اپنی مثال ہو عامی 

کسی کے سامنے اس کو مثال کیا کرنا 


عمران عامی

No comments:

Post a Comment