Saturday, 5 September 2020

میں دیکھ رہا ہوں

میں دیکھ رہا ہوں
کہ
لوگ اگر چاہیں تو
دوسروں کو جینے کا حق دے سکتے ہیں
ان کو راستہ دے کر
انہیں گڈ مارننگ کہہ کے
یا گڈ ایوننگ کہہ کے

بھٹکے ہوئے کو راستہ بتا کر
یا کم از کم اسے
صحیح وقت بتا کر
اگر وہ اپنی ذات کے حصار سے نکل آئیں
تو
ان کو دوسرے لوگ بغیر نظر کے چشمے کے دکھائی دیں گے
ان کی طرف محبت سے دیکھتے ہوئے
پھولوں کی لپک اور پرندوں کی چہک سمیٹتے ہوئے
زندگی کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے
میں دیکھ رہا ہوں
لوگ دوسروں سے خواہ مخواہ دور رہتے ہیں
انہیں
اپنے راستے سے ہٹ جانے کا حکم دیتے ہوئے
ہوا میں آکسیجن نکال کر اپنی چھاگل میں بھرتے ہوئے
اور اپنے ہونے کو خدا کا آخری فرمان سمجھتے ہوئے

زاہد مسعود

No comments:

Post a Comment