Friday, 24 December 2021

مرتبے حسن کے کم ہوں یہ ضروری تو نہیں

 مرتبے حسن کے کم ہوں یہ ضروری تو نہیں

آپ کی بزم میں ہم ہوں یہ ضروری تو نہیں

وہ تو مقسوم ہی کچھ اور ہوا کرتے ہیں

سب کی تقدیر میں غم ہوں یہ ضروری تو نہیں

یوں بھی دیوانے سرِ راہ بھٹک سکتے ہیں

آپ کی زُلف میں خم ہوں یہ ضروری تو نہیں

آشنا مفلس و نادار کی مجبوری سے

ذہن اربابِ کرم ہوں یہ ضروری تو نہیں

وہ تو کچھ راستے مخصوص ہوا کرتے ہیں

ہر جگہ نقشِ قدم ہوں یہ ضروری تو نہیں

چشمِ ساقی کرے رہ رہ کے اشارے انور

اور پھر ہوش میں ہم ہوں یہ ضروری تو نہیں


انور شادانی

No comments:

Post a Comment