Thursday, 6 April 2023

دن میں آنے لگے ہیں خواب مجھے

 دن میں آنے لگے ہیں خواب مجھے

اس نے بھیجا ہے اک گلاب مجھے

گفتگو سن رہا ہوں آنکھوں کی

چاہیۓ آپ کا جواب مجھے

وقت فرصت کا انتظار کروں

اتنی فرصت کہاں جناب مجھے

زعم تھا بے حساب چاہت ہے

اس نے سمجھا دیا حساب مجھے

پڑھتا رہتا ہوں آپ کا چہرہ

اچھی لگتی ہے یہ کتاب مجھے

لیجیۓ اور امتحان مِرا

اور ہونا ہے کامیاب مجھے

کوئی ایسی خطا کروں راغب

جس کا ملتا رہے ثواب مجھے


افتخار راغب

No comments:

Post a Comment