غفلت میں کٹی عمر نہ ہشیار ہوئے ہم
سوتے ہی رہے آہ نہ بیدار ہوئے ہم
یہ بے خبری دیکھ کہ جب ہمسفر اپنے
کوسوں گئے تب آہ خبردار ہوئے ہم
صیاد ہی سے پوچھو کہ ہم کو نہیں معلوم
کیا جانئے کس طرح گرفتار ہوئے ہم
تھی چشم کہ تو رحم کرے گا کبھو سو ہائے
غصہ کے بھی تیرے نہ سزا وار ہوئے ہم
آتا ہی نہ اس کوچے سے تابوت ہمارا
دفن آخر اسی کے پسِ دیوار ہوئے ہم
زخمِ کہن اپنا ہوا ناسور پہ راسخ
مرہم کے کسو سے نہ طلبگار ہوئے ہم
راسخ عظیم آبادی
No comments:
Post a Comment