Thursday, 1 January 2026

صرف اک دو نہیں قرآن کے پارے سارے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


صرف اک دو نہیں، قرآن کے پارے سارے​

مدحِ سرکارﷺ میں خالق نے اُتارے سارے

احمدﷺ و حامد و محمود و محمدﷺ کی طرح

ہیں سکوں بخش شہاﷺ نام تمہارے سارے

اک تِرا نام ہی کام آیا مصیبت میں شہاﷺ

ورنہ برگشتہ ملے جو تھے ہمارے، سارے

جن کو داتا و سخی کہتی ہے ساری دنیا

وہ تِرے در پہ ملے ہاتھ پسارے سارے

غسل اشکوں سے دیے صاف کیے پلکوں سے

نعت کے حرف جو کاغذ پہ اتارے سارے

جتنے لکھے تِری مدحت میں قصیدے میں نے

ہو گئے حشر میں نیکی کے منارے سارے

میرے ماں باپ، مِرے بھائی بہن اور اولاد

ایک دن آئیں حضورؐ آپ کے دوارے سارے

جب سے آنکھوں میں سمائی ہے مدینے کی بہار

ہیچ لگتے ہیں یہ دنیا کے نظارے سارے

کشتئ نوح کی مانند ہے عِترت ان کی

اور اصحاب ہدایت کے ستارے سارے

آبرو دین کی، جاں دے کے بچائی نوری

کیسے فیاض ہیں آقاؐ کے دلارے سارے


ندیم نوری برکاتی

No comments:

Post a Comment