زرد بیل
بظاہر خوشنما ہے
نرم و نازک ہے
بھلی لگتی ہے آنکھوں کو
مگر اس کی رفاقت میں
زرد رُت کو اوڑھ لیتے ہیں
یہ پیڑوں کی گھنی چھاؤں میں زردی گھول دیتی ہے
مگر یہ کیا کہ یہ اپنے ہدف کے ساتھ
خود کو بھی مٹاتی ہے
عجب یلغار ہے اس کی
یہ سب کچھ جیت کر بھی خوشدلی سے ہار جاتی ہے
یہ گہرے زرد رنگ کی خوشنما سی نرم و نازک سی
عجب مخلوق ہے
جو زندگی اور موت کو بالکل نیا مفہوم دیتی ہے
نئے انداز سے اک ساتھ جینے اور مرنے کی کہانی رقم کرتی ہے
یوسف خالد
No comments:
Post a Comment