Sunday, 15 November 2020

عیاں نہ ہوتا کسی پر بھی یہ جہان کھلا

 عیاں نہ ہوتا کسی پر بھی یہ جہان کھُلا

جتن ہزار کئے تب وہ رازدان کھلا

انھوں نے چھین لیا سر سے سائبان تلک

مرے نصیب میں آیا ہے آسمان کھلا

چھپیں ہزار مصائب کے نت نئے پرچے

یہ زندگی ہے مگر، ایک امتحان کھلا

بیاہ کر جو وہ لایا غریب کی بیٹی

ملا جہیز نہ اس کو، تو وہ جوان کھلا

مرے سخن کے سلیقے نے میری لاج رکھی

وگرنہ لوگ سمجھ جاتے یہ بیان کھلا

عدو نے حد ہی جو کر دی تھی بد لحاظی کی

ہزار صبر کے با وصف ، بے زبان کھلا

بس اب تو چھوڑ دو یہ خوش گمانیاں افروز

پڑا جو وقت کٹھن ، مجھ پہ خاندان کھلا


افروز رضوی

No comments:

Post a Comment