Tuesday, 3 November 2020

کچھ چڑیاں گدھوں سے محبت کرتی ہیں

 چڑیاں


کچھ چڑیاں گِدھوں سے محبت کرتی ہیں

گِدھ جو آسمانوں میں اڑتے کم ہیں

منڈیروں پر بیٹھتے زیادہ ہیں

کبھی کبھی وہ چڑیوں سے ملنے نیچے آنے کے لیے زقند بھرتے ہیں

یوں جیسے کسی نظم کی اچانک آمد ہو جائے

یا چھن سے کسی بازو کی چوڑیاں کھنک اٹھیں

سب کچھ بھلا لگنے لگتا ہے

آنگن سے امبر کو تکتی چڑیاں

منتظر رہتی ہیں کہ گِدھ آئیں

آ کر ان کا گوشت کھائیں

پر نوچیں، ہڈیاں چچوڑیں

ایک دوسرے کا جزوِ بدن بن جائیں

پھر گِدھ اڑ جاتے ہیں نئی منڈیریں ڈھونڈنے

پیار کے نام کا دانا دُنکا چننے والی چڑیاں

پھر سے اپنے ریزے جمع کرنے لگ جاتی ہیں


نیلم احمد بشیر

No comments:

Post a Comment