Sunday, 7 March 2021

ہوا تنکے اٹھائے پھر رہی ہے آشیاں کے

 اکھڑتی سانس کی الجھن


ہوا تنکے اٹھائے پھر رہی ہے آشیاں کے

بہت محفوظ تھا یہ

پیڑ تھا جب تک سلامت

گھنی شاخوں میں اس کی

آندھیوں کو

وار کرنے کی نہ تھی طاقت

اسے آہستہ آہستہ

کِیا ڈھیر

کسی اندر کے گہرے روگ نے ورنہ

لگے جتنے بھی چرکے جسم پر

ہمت فزائی کا سبب ٹھہرے

کشادہ بازؤں میں آ گئی وسعت

ہُوا پہلے سے بھی مضبوط

پائے استقامت

مگر اندر کی ٹیسوں نے

اسے بے دست و پا کر کے

کسی ایثار کے لائق نہیں چھوڑا

اگرچہ حصے بخرے

کتنے چولہوں کی تپش کا ہوں گے باعث

مگر مہماں، مسافر اور پرندے

میزبانی سے ہوئے محروم

بڑی ہے پیڑ کے دُکھ سے

سہارا ڈھونڈنے کی

روح کو ڈستی، مصیبت

رات پاؤں پاؤں بڑھتی آ رہی ہے

ٹکڑے ٹکڑے جان و دل کو

ایک کرنے کی مشقت میں

ہوا کی دخل اندازی

ہمیں مجبور کرتی ہے

نشانِ سمت و منزل طے کیے بن

کوچ کر جائیں

ہے شام مہلتِ ہجرت

کسی حد سے گزر جائیں


شہاب صفدر

No comments:

Post a Comment