عارفانہ کلام نعتیہ کلام
ہر صاحبِ یقیں کا ایمان بن گئے ہیں
قولِ نبیﷺ دلیلِ قرآن بن گئے ہیں
تعلیمِ مصطفیٰﷺ نے ایسا شعور بخشا
جو آدمی نہیں تھے، انسان بن گئے ہیں
آدم سے تا بہ عیسیٰ، عیسیٰ سے مصطفیٰؐ تک
اک داستان کے کتنے عنوان بن گئے ہیں
اسلام چاہتا ہے اس واسطے اخوّت
جب مِل گئے ہیں قطرے طوفان بن گئے ہیں
اخلاقِ مصطفٰیﷺ ہے کردار کی کسوٹی
اقوال مصطفٰیﷺ کے میزان بن گئے ہیں
اسلام سے ہٹے ہیں جس دور میں بھی انساں
فرعون بن گئے ہیں،۔ ہامان بن گئے ہیں
کلمہ، نماز، روزہ، حج و زکوٰۃ یارو
دینِ محمدیﷺ کے ارکان بن گئے ہیں
جن کو ہوئی میسر دربار میں حضوری
وہ لوگ مصطفٰیؐ کے مہمان بن گئے ہیں
کیا حشر اپنا ہو گا اعجاز روزِ محشر
ہر بات جان کر ہم انجان بن گئے ہیں
اعجاز رحمانی
No comments:
Post a Comment